Tuesday November 26, 2024

کئی روز تک بارش، بارش اور صرف بارش ہوگی، سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور: پنجاب میں 4 اکتوبر تک بارشیں جاری رہنے کا امکان، سیلاب کا الرٹ جاری ، شدید بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ، متعلقہ محکموں کو ممکنہ سیلاب سے متعلق پیشگی آگاہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج 28 ستمبر سے لے کر 4 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کی وارننگ جاری کر دی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے پنجاب کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے متعلقہ محکموں کو بھی طوفانی بارش کے حوالے سے پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب نے صوبے کے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ پر رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے متعدد مقامات کے علاوہ سندھ میں میر پور خا ص، ٹھٹھہ اور بدین، خیبر پختونخوا اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔پنجاب میں لاہور، گوجرانولہ ، چکوال، منڈی بہائو الدین میں صبح سویرے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ، گجرات شہر اور گردونواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ملکہ کوہسار مری میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے ٹھنڈی ہوائوںنے موسم کو تبدیل کردیا ہے، آزاد کشمیر میں متعدد مقامات ، میرپور ،نکیال ، برنالہ ،پلندری میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی ،دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی ۔

FOLLOW US