Thursday September 11, 2025

شدیدزلزلے نے آزادکشمیر میں تباہی مچادی، شاہرائوں پر دراڑیں، زیرزمین شگاف پڑگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)شمالی علاقوں میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے نے تباہی مچا دی، سڑکوں میں دراڑیں اور شگاف پڑنے سے بجلی اورمواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، سیاحوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور جاتلاں میں زلزلے کی شدت زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ جس سے میرپور، جاتلاں اور گردونواح کے علاقوں میں گھروں اور عمارتیں گر گئیں، 70 سے زائد افراد زخمی اور ایک بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔اس کے ساتھ زلزلے سے قومی شاہراہوں پر بڑی بڑی دراڑیں اور زیر زمین گہرے شگاف بھی پڑ گئے ہیں، جس سے بعض مقامات پر گاڑیاں بھی الٹ

گئی۔ تاہم نیشنل ڈیزاسٹر میجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نقصان کا ازالہ لگایا جا رہا ہے۔آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں زلزلہ زدگان کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی گئی، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام نقصان کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 دے سکتے ہیں۔ اسی طرح میرپورآزاد کشمیر میں ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کو امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ آرمی چیف کی ہدایت پر پا ک فوج اور ایوی ایشن کی ٹیمیں زلزلہ زدہ علاقوں کی جانب روانہ ہوگئی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر میں متاثرین زلزلہ کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کو نیویارک میں زلزلے کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم عمران خان نے زلزلہ زدگان کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے فعال رہیں اور ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو کا کام جاری رکھیں۔زلزلہ زدہ علاقوں میں زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔آزاد کشمیر کے شہر میر پور میں زلزلے سے عمارت گرنے اور دیگر مختلف واقعات مین متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ قومی زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق منگل کی سہ پہر تقریباً 4 بجکر 2 منٹ پر ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ کا مرکز جہلم کے شمال میں پانچ کلو میٹر دور 10

کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ 5.8 شدت کے اس زلزلہ کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، لاہور، فیصل آباد، پشاور، چنیوٹ، ڈسکہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، میرپور آزاد کشمیر، بھمبھر، منڈی بہائوالدین اور گرد و نواح میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور اپنے ٹیلیفون پر اپنے عزیز و اقارب کی خیریت دریافت کرتے رہے۔آزاد کشمیر کے شہر میر پور میں زلزلے سے عمارت گرنے اور دیگر مختلف واقعات مین متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ کچھ دنوں تک جاری رہے گا۔ تاہم آج زلزلے کے بعد 3.5شدت کا آفٹر شاکس زلزلہ بھی آیا۔