Wednesday September 10, 2025

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد اگلے 24گھنٹے مزید خطرناک، آفٹرشاکس آنے کا خطرہ، الرٹ جاری کردیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) این ڈی ایم نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا خدشہ ہے۔ آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 3.4 تھی۔ دوسری جانب میر پور کی ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ زلزلے سے میرپور، بھمبرکے درمیان 2 پلوں کو کافی نقصان پہنچا۔سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر اور ویڈیو میں گاڑیوں کو سڑکوں پر پڑنے والے شگافوں اور دراڑوں میں دھنسا ہوا دیکھا گیا۔ ذرائع ضلعی انتظامیہ کے مطابق میر پور میں تمام اسپتالوں میں

ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔نہر کا بند ٹوٹنے سے کافی مقامات سے پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا ہے۔ منگلا ڈیم پاور ہاوس کی ٹربائنز کو دوبارہ چلایا جارہا ہے۔زلزلے سے زخمی ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیرمشتاق منہاس کے مطابق اپر جہلم نہر میں شگاف پڑنے سے متعدد علاقوں کے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپر جہلم نہر میں پڑے شگاف کو پُر کرنے کے لیے ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔ فاقی حکومت شگاف بھرنے کرنے کے لیے امدادی ٹیمیں اور مشنیری بھیجیں۔ جبکہ آزاد کشمیر میں میرپور جاتلاں اور گردو نواح میں مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ ملک کے شمالی اور میدانی علاقوں میں چار بجے کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے باعث سب سے زیادہ نقصان میرپور آزاد کشمیر میں ہوا۔ میرپور کے علاقے جاتلاں میں سڑکیں مکمل طور پر ٹوٹ گئیں اور متعدد گاڑیاں بھی اُلٹ گئیں۔آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے ایک عمارت اور کئی دیواریں گر گئیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ دیوار تلے دب کر ایک بچی سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 100 سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ میر پور آزاد کشمیر میں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال بھی منتقل کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو امدادی کارروائیوں میں فوری طور پر حصہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ پاک فوج کو آرمی چیف کی جانب سے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ریسکیو آپریشن میں سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے دستے، ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں بھی روانہ ہو گئی ہیں۔اس کے علاوہ صدر مملکت نے بھی زلزلہ کے باعث ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے لیے ایصال ثواب کی دعا کی۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کو نیویارک میں پاکستان کے مختلف شہروں میں آنے والے زلزلے سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے زلزلے اور اس کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔