Monday January 20, 2025

بابوسرٹاپ پر بس حادثہ، 10فوجی اہلکاروں سمیت کتنے افرادجان کی بازی ہار گئے

بابوسرٹاپ(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے بابوسر ٹاپ پر تیز رفتار بس کے حادثے کے نتیجے 10 فوجی اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ کا کہنا تھا کہ مسافر بس حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ لاشوں اور زخمیوں کو چلاس کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔دیامر پولیس ترجمان محمد وکیل کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کی مسافر بس اسکردو سے راولپنڈی کی جانب جارہی تھی کہ اسے بابوسر پاس کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات چلنے والی بس صبح سویرے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پہاڑ سے ٹکراگئی۔دیامر کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے عہدیدار راجہ اشفاق کا کہنا تھا کہ واقعے میں زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق اسکردو بلتستان سے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ

ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیم جائے حادثے پر پہنچ گئیں اور گلگت بلتستان کی حکومت سے لاشوں کو اسکردو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی درخواست کی گئی۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 10 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے افراد کی میتیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) گلگت بلتستان منتقل کردی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے سی ایم ایچ گلگت بلتستان منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ بابوسر پاس روڈ علاقے میں آنے والے زیادہ تر سیاح استعمال کرتے ہیں جو ہر سال جون کے آخر سے اکتوبر تک کھلی رہتی ہے۔سال کے بقیہ دنوں میں شدید برف باری کے باعث بابوسر ٹاپ کی یہ سڑک بند رہتی ہے۔

FOLLOW US