اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یکم محرم شروع ہوتے ہی عراق میں دہشت گردانہ کارروائیاں شروع ہوئی تھیں جوکہ ابھی تک ختم نہیں ہوئیں۔گزشتہ روز شام کے وقت کربلامیں بم دھماکہ ہوا جس میں متعدد لوگ زخمی اور درجن بھر کے قریب ہلاک ہوئے۔یہ دھماکہ کربلا کے مقام پر ہوااور اس سے قبل بھی کربلا کے مقام پر ایسی دہشت گردانہ کارروائی ہو چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر کربلا میں مسافر بس میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بس عراق کے شہر کربلا اور الہلا کے درمیان واقع عراقی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ بس میں دھماکا ہو گیا۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ دھماکے بعد بس میں آگ لگ گئی اور کم از کم 12 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں جو بس میں دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔