سرگودھا(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے استحکام،ترقی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذاانہ پیش کیا ہے۔ وہ کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو۔ انہوں نے سرگودھا آمد پر قصبہ بھیرہ میں دارالعلوم محمدیہ غوثیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے پاس اتنی انفرادی قوت موجود ہے کہ وہ اسلام آبادکو لاک ڈاؤن کر سکتے ہیں ان کے مطالبات درست ہیں مگر پی پی پی کسی ایسی تحریک یا احتجاج
میں شامل نہیں ہو گی جس کی اس سے قبل وہ مذمت/مخالفت کر چکی ہو وہ حکومت کو جمہوری طریقہ سے ہٹانے کے حق میں ہے اور اس کے لیے وہ اپنی جدو جہد جاری رکھے گی مگر کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کی گاڑی پٹری سے اتر جائے۔ قمرالزمان کائرہ حفصہ نیشنل سکول بھیرہ بھی گئے جہاں پیر فاروق بہاؤالحق شاہ نے ان کا استقبال کیا۔انہوں نے سکول کے نصاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکول نئی نسل کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔