Tuesday January 21, 2025

پاکستان میں پیٹرول مہنگا نہیں بلکہ سستا ہوگا، عالمی مارکیٹ میں تیل کی فی بیرل قیمت میں یکدم کئی ڈالرز کی کمی ہوگئی

نیویارک (نیوزڈیسک) پاکستان میں پیٹرول مہنگا نہیں بلکہ سستا ہوگا، عالمی مارکیٹ میں تیل کی فی بیرل قیمت میں یکدم کئی ڈالرز کی کمی ہوگئی، خام تیل کی قیمت 4 ڈالر سے زائد کی کمی کے بعد 64 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آگئی، جبکہ امریکی تیل کی قیمت 59 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گر گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں

کمی آئی ہے۔ نیویارک مرکنٹائل میں منگل کو انٹرنیشنل بنچ مارک کروڈ برنٹ کی سپلائی کے سودے 4 ڈالر سے زائد کی کمی کے ساتھ 64 ڈالر فی بیرل اور امریکی کروڈ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے بھی 4 ڈالر سے زائد کی کمی کے ساتھ 59 ڈالر فی بیرل کی سطھ پر بند ہوئے۔ اس سے قبل پیر کو 1988 کے بعد پہلی بار خام تیل کے یومیہ بنیادوں پر نرخوں میں یکدم 14.6فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ سعودی تیل تنصیبات پر حملے اور تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث گزشتہ روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ تاہم منگل کے روز تیل کی مقررہ سپلائی بحال ہونے کے بعد خام تیل اور امریکی کروڈ آئل کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی۔ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل سپلائی متاثر ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے مدد کی پیش کش کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و صنعت سہیل المزروعی نے کہا ہے کہ ارامکو تیل تنصیبات پرحملوں کے بعد سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ تیل کی سپلائی کے لیے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ تیل کی رسد میں کسی بھی دور کرنے کے لیے

اور کسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ یقینی تعاون کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کے پاس ذخیرہ شدہ تیل کی وافرمقدار موجود ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسے استعمال میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب عالمی توانائی کے میدان میں اہم اور موثر ملک ہے جو تیل کی کل پیداوار کا 10 فی صد فراہم کرتا ہے۔ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائی عالمی سطح پر توانائی مارکیٹ کو متاثر کرتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد کہا جا رہا ہے کہ اب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ بلکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔

FOLLOW US