ماسکو : روس کی امریکا کو ایران پر حملہ کرنے سے باز رہنے کی تلقین، روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے اور باہر کے ممالک کو کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیئے، ایران سے متعلق امریکی پالیسی کے تناظر میں غیر تعمیری اقدامات کشیدگی بڑھائیں گے، واشنگٹن کی ایران کےخلاف سخت کارروائی کی تجاویز ناقابل قبول ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روس نے ایران کیخلاف امریکا کے جارح بیانات پر شدید ردعمل دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں خطے اور باہر کے ممالک کو کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرنے اک مشورہ دیا گیا ہے۔ روس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ایران کیخلاف سخت کارروائی کی تجاویز ناقابل قبول ہیں۔ روس نے موجودہ کشیدہ حالات میں اپنی حمایت ایران کے پلڑے میں ڈالی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سعودی عرب کے سب سے بڑی تیل تنصیبات پر حملہ کیا گیا تھا جس باعث سعودی عرب کی تیل کی پیداوار اور سپلائی نصف سے بھی زیادہ کم ہوگئی۔ جبکہ اس حملے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ امریکا نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملے کا ذمے دار ایران کو ٹھہرایا ہے۔ جبکہ امریکا سے ایران کیخلاف کاروائی کرنے کی آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی تیل حملے کے جواب کے لئے نشانے اور ہتھیار کے ساتھ تیار ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تیل سپلائی پرحملہ کیا گیا، یقین کرنیکی وجہ موجود ہے کہ ہم مجرم کو جانتے ہیں، نشانہ اور ہتھیار بند بھی ہیں مگر تصدیق پر منحصر ہے۔ جبکہ ایران نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ کیلئے تیار ہے۔