کراچی : جعلی اکاونٹس کیس آخری مرحلے میں داخل، وزیراعلی سندھ کی گرفتاری کا امکان، نیب کی ٹیم تحقیقات کو مکمل کرنے کیلئے کراچی پہنچ گئی، پوچھ گچھ کیلئے مراد علی شاہ کو کل 11 بجے نیب کراچی کے دفتر میں طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیخلاف جاری جعلی اکاونٹس کیس تیزی سے اپنے منطقی انجام کی جانب گامزن ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جعلی اکاونٹس کیس آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔ نیب کی ٹیم پیر کے روز کراچی پہنچی۔ جبکہ نیب نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو جعلی اکاونٹس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں کل بروز منگل کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی ٹیم نے وزیراعلی سندھ کو تلقین کی ہے کہ وہ کل صبح 11 بجے نیب کے دفتر میں حاضر ہوں۔ اس دوران مراد علی شاہ سے جعلی اکاونٹس کیس سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب اپنے اختیارات کے تحت وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو گرفتار بھی کر سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے نیب کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ جعلی اکاونٹس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو بھی ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔
مراد علی شاہ پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے جعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کروانے کے جرم میں معاونت فراہم کی۔ اس کیس کے سلسلے میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ اب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے گرد بھی گھیرا تنگ کر لیا گیا ہے۔