وزیرآباد(آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی اور قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا سیاسی ٹمپریچرمعمول کے مطابق ہے۔ افواہوں پر کان نہ دھریں۔سابق حکمرانوں کی ڈیل کے حوالے سے (ن) لیگ والے بہتر بتا سکتے ہیں۔ کشمیرکے حوالے سے دنیا پاکستان کے موقف کو سمجھنے لگی ہے۔کشمیر کی آزادی کے آثار نمایاں ہیں۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 4ارب روپے کا عوام دوست منصوبہ ہے جسے انتقامی کار روائی کا حصہ بنایا گیا۔ منصوبہ مکمل ہونے میں دس سال ضائع ہوئے۔ ملتان، پنڈی اور وزیرآباد کے کارڈیالوجی ہسپتالوں کو اس سال مکمل فنکشنل کرنے کا فیصلہ
کیا گیا ہے۔ ہسپتالوں کی ابتدائی ڈیمانڈ مکمل کر دی گئی ہے۔ڈاکٹروں سمیت طبی عملہ کو تمام بنیادی سہولتیں میسر ہونگی۔ڈاکٹر مبشر منظور عالم نے سپیکر کو کارڈیالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وہ وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈبلیو آئی سی 2007میں 200کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا جو اب 400کروڑ کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق دل کی بیماری پنجاب میں زیادہ ہے اس لئے عمران خان اور عثمان بزدار کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملتان، پنڈی اور وزیرآباد کے دل کے ہسپتالوں کو مکمل طور پر فنکشنل کیا جائے جس کے لئے ان ہسپتالوں کی ابتدائی ڈیمانڈ پور ی کر دی گئی ہے اور ضروری فنڈ جار کئے جا چکے ہیں۔ڈبلیو آئی سی کے لئے 84کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کے مقامی نمائندے گونگے اور بہرے تھے جنہوں نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اہمیت کو سمجھا نہ اجاگر کیا بلکہ اس کو جنرل ہسپتال بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔دس سال تک عوام دوست منصوبہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ ڈبلیو آئی سی 2 کروڑ آبادی کو طبی سہولت فراہم کرتا ہے۔منصوبہ میں تاخیر کی وجہ سے سینکڑوں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 200بیڈ کا مکمل فنکشنل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ نے جوڈیمانڈ دی تھی وہ پوری کر
دی گئی ہے۔ ہسپتال کے احاطہ میں ڈاکٹرز ہوسٹل، 5بڑے ڈاکٹروں کے لئے رہائشیں اور طبی عملہ کے لئے تین تین کمروں کی رہائشیں تعمیر کی جائینگی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کا سیاسی ٹمپریچر معمول کے مطابق ہے اسلئے افوہوں پر کان دھرنے کی ضرور ت نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سابق حکمرانوں کی کسی ڈیل کا معاملہ ہے تو اس کا جواب (ن) لیگ والے بہتر طور پر دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی صحت بہت بہتر ہے۔ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا آہستہ آہستہ پاکستان کے موقف اور کشمیر کی سنگین صورتحال کو سمجھنے لگی ہے جسکے بعد کشمیر کی آزادی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔قبل ازیں چوہدری پرویز الٰہی نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی وسیع و عریض ماسٹر آف آرٹ عمارت کا معائنہ کیا اور اس کے مختلف شعبہ جات دیکھے۔ ڈاکٹر مبشر منظور عالم نے آڈیٹوریم میں سپیکر کو ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور ضروریات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد لطیف، اے ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ قاضی، ڈاکٹر طارق چیمہ۔ ڈاکٹر احسن مقصود، ڈاکٹر محمد اسلم کلیر، (ق)لیگ کے مقامی صدر خالد محمود چیمہ، ندیم ملہی، جمشید وڑائچ، پی ٹی آئی کے حماد فاروق چیمہ اور صغیر احمد چٹھہ بھی موجود تھے۔