اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) روسی ایکسپوبینک نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم عمران خان سے روسی بینک کے ڈائریکٹر نے ملاقات کی، وزیراعظم نے سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے روسی بینک کے ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرنجکاری، مشیر
خزانہ اور مشیر تجارت بھی شریک تھے۔وزیراعظم عمران خان نے روسی بینک کے ڈائریکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر روسی ایکسپوبینک کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے روسی بینک کی سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کے لیے حتمی تاریخ کا فیصلہ آئندہ 2 روز میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور اپنی فیملی کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔حکومتی ذرائع ے مطابق وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کی حتمی تاریخ کا فیصلہ 2 روز میں متوقع ہے۔ وزیراعظم کی امریکا سے واپسی پرسعودی عرب کے دورہ پر مشاورت ہوئی ہے تاہم وہ امریکا روانگی سے قبل بھی سعودی عرب کا دورہ کر سکتے ہیں۔ دریں اثناں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ 10 ستمبر کو ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس
میں 58 ممالک کی جانب سے پاکستان کے موقف کی حمایت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حمایت نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال کو روکنے، محاصرہ ختم کرنے، دیگر پابندیاں اٹھانے، کشمیری عوام کے حقوق کے احترام و تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کے لئے بین الاقوامی برادری کے بھارت سے مطالبات کو تقویت دی ہے.