اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض نے طویل دورانیہ کی کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وہ قائد اعظم ٹرافی کے لیے سدرن پنجاب کی ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ذرائع کے مطابق وہاب ریاض بھی محمد عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محدود اوورز کی کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ
وہاب سے قبل 27 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں اور وہ مستقبل میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔2010ءمیں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بالر اس حوالے سے کافی خوش قسمت ہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں ہی بیرون ملک پاکستان کو فتح دلوائی تھی، انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیسٹ میں اپنی دھاک بیٹھائی تھی،اس دوران وہ قومی ٹیم کے مستقل رکن رہے تاہم ٹیسٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کی بناپر انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، انہوں نے اپنا آخری میچ اکتوبر 2018ءمیں آسٹریلیا کیخلاف ابو ظہبی میں کھیلا جس میں وہ دونوں اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔فاسٹ بالر نے 9 سالہ کیرئیر میں 27 میچ کھیل کر 83 شکار کئے ہیں، ان کی بہترین بالنگ 83 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہی ،انہوں نے اپنے کیریئر میں 2 مرتبہ5 وکٹیں جبکہ 3 مرتبہ4 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔