Tuesday January 21, 2025

کراچی سے کشمیر تک ٹرین چلانے کا فیصلہ،شیخ رشید نے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے منفرد اعلان کردیا

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کشمیر پر ہم نے کوتاہی برتی تو دُنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر حل ہونے تک امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج کے دن کو پاک فوج کے شہدا اور کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا۔ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اوروطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شیخ رشید احمدکا کہنا تھا کہ ہندوستان گزشتہ 72 سالوں سے کشمیریوں کے ساتھ بربریت کررہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی سازش ہے کہ وہاں پیسہ لگائے اور کشمیریوں کو ویزوں کا لالچ دے لیکن کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے

ہیں۔مودی نے22 /24 کروڑ مسلمانوں کو ہندوستان میں دوسرے درجے کا شہری بنادیا ہے۔ہندوستان نے کشمیر کے معاملے کو چھیڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔آج پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔دنیا میں قومیں تباہ ہوتی ہیں لیکن پھر کھڑی ہوجاتی ہیں مگر اس کے لیے شرط یہی ہے کہ ان میں جذبہ زندہ ہو۔شیخ رشید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشا اللہ وقت آنے پر پاکستان کے جھنڈے تلے اپنی جان دینے میں فخر محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی خاطر جان دینے والے شہدا پر فخر کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ٹرین کراچی سے کشمیریوں کو لے کر چلائیں گے۔ ملتان کو سندھ ایکسپریس کا تحفہ دیا ہے اور ٹرین کے مسافروں میں 80 لاکھ کا اضافہ کیا ہے۔

FOLLOW US