Tuesday November 26, 2024

افغان طالبان کا کابل میں اٹیک، امریکی فوجی ہلاک

کابل (نیوز ڈیسک) افغان دارالحکومت کے سفارتی علاقے کے قریب کار میں بم دھماکہ ہوا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں امریکی سفارتخانہ،نیٹو مشن کے ہیڈ کوارٹر اور دیگر سفارتی مشن موجود ہے۔کار بم دھماکے میں شش درک کی سیکورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔افغان طالبان نے اس دھماکے میں 12امریکیوں اور 8 افغان فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔جب کہ دوسری جانب افغان حکومت نے امریکا اور طالبان کے مابین ممکنہ معاہدے کے بارے میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام کو اس حوالے سے لاحق خطرات کے بارے میں مزید معلومات جاننے کی ضرورت ہے. رپورٹ کے مطابق امریکی

نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد رواں ہفتے کابل میں تھے جس دوران انہوں نے افغان حکام کو معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا جس پر امریکا فوجی انخلا کی صورت میں طالبان کے ساتھ رضامند ہوا ہے.امریکا اور طالبان کے معاہدے سے حکومت میں شامل افغان گروپوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ انہیں اس عمل سے علیحدہ رکھا گیا اور اسلامی انتہا پسندوں کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے خوفزدہ ہیں. افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان صادق صدیقی نے کہا کہ جہاں کابل امن عمل میں پیش رفت کی حمایت کرتا ہے وہیں اس کے منفی اثرات بھی روکنا چاہتا ہے. واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی کی جانب سے پیش کیے گئے ممکنہ معاہدے کے بعد یہ کابل کا پہلا ردِ عمل ہے. یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہ اشرف غنی اور ان کی حکومت کو امریک اور طالبان کے مابین مذاکرات سے بالکل علیحدہ رکھا گیا تھا کیوں کہ طالبان افغان حکومت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے صرف امریکا کے ساتھ معاہدے پر زور دیتے ہیں.طالبان معاہدے کے مندرجات کے مطابق پینٹاگون آئندہ برس تک افغانستان میں موجود اپنے 5 فوجی اڈوں سے 13 ہزار فوجی اہلکار واپس بلالے گا جبکہ طالبان سیکورٹی کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے. عسکریت پسندوں نے کہا تھا کہ وہ القاعدہ کو چھوڑ دیں گے ، داعش سے لڑیں گے اور عسکریت پسندوں کو افغانستان کی زمین استعمال کرنے سے روکیں گے۔

FOLLOW US