لاہور (نیوز ڈیسک)معروف پاکستانی اداکار عابد علی کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، اہلیہ رابعہ نورین نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی 67 سال کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئے، ان کی اہلیہ رابعہ نورین نے عابد علی کے انتقال کی تصدیق کردی۔اداکار عابد علی طویل عرصے سے علیل تھے، دنیائے فن کا ایک اور بڑا نام مداحوں کو سوگوار کرگیا۔واضح رہے کہ آج عابد علی کی اہلیہ رابعہ نورین نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ عابد علی کی حالت بدستور تشویش ناک ہے، مداح ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔لیجنڈ اداکار عابد علی چند روز قبل جگرے کے عارضے میں مبتلا ہوئے تھے اور انہیں کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال میں منتقل کیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا۔عابد علی کی تین
بیٹیاں ہیں جن میں ایمان علی، راہما علی اور مریم علی شامل ہیں، ایمان علی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ عابد علی نے دو شادیاں کی ہیں، ان کی پہلی اہلیہ حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔خیال رہے کہ عابد علی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ہیر مان جا سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں حریم فاروق اور علی رحمان نے مرکزی اداکار کیا ہے۔عابد علی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’ٹوٹے ہوئے تارے‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے جس میں نعمان اعجاز نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔واضح رہے کہ 67 سالہ اداکار نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔