Monday January 20, 2025

میرے والد زندہ ہیں،جب تک زندہ ہیں رہنے دیا جائے،عابد علی کی بیٹی کی پاکستانیوں سے اپیل

کراچی (نیوز ڈیسک) نامور پاکستانی اداکار عابد علی کی بیٹی راحمہ علی نے اپنے والد کی موت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد زندہ ہیں ان کی موت سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جب تک وہ زندہ ہیں انہیں زندہ رہنے دیاجائے۔پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار عابد علی ان دنوں شدید علیل ہیں اور اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ان کی بیٹیوں ایمان علی اورراحمہ علی نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد کی حالت تشویشناک ہے لہٰذا ان کی جلد صحت یابی کی دعا کریں۔تاہم سوشل میڈیا پرعابد علی کی موت کی جھوٹی افواہیں گردش کرنے لگیں جس پر عابد علی کی چھوٹی

بیٹی راحمہ نے والد کی موت کی جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد زندہ ہیں ان کی موت سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، ان کی موت کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، جب تک وہ زندہ ہیں ان کو زندہ رہنے دیا جائے۔راحمہ نے مزید کہا میں نے پہلے بھی قوم سے دعاؤں کی اپیل کی تھی، اب بھی قوم سے ان کی زندگی اور صحت کے لئے دعاؤں کی اپیل کرتی ہوں، کچھ دیر قبل ہی اسپتال انتظامیہ نے والد کا چیک اپ کیا وہ خیریت سے ہیں۔ گزشتہ روز رحمہ علی نے انسٹاگرام پر اسٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے ان کے والد کو جواب دے دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئیں کہ عابد علی کا انتقال ہوگیا۔جس کے فوری بعد یہ خبریں وائرل بھی ہوگئیں، تاہم ایمان علی اور رحمہ دونوں نے ان خبروں کو جھوٹی افواہیں ٹھہراتے ہوئے ایسی خبریں بنانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایمان علی نے اس حوالے سے شائع ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔جبکہ رحمہ علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ زندہ ہیں الحمداللہ اور زندہ رہیں گے، ہسپتال میں سو رہے ہیں، خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، جب تک زندہ ہیں رہنے دیں۔راہمہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ اگر آپ لوگوں کی دعائیں بھی مل جائیں تو شاید اللہ سن لیں کسی کی، مہربانی کرکے ہمارے والد کے لیے دعا کریں۔واضح رہے کہ عابد علی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ’’وارث‘‘، ’’دیار دل‘‘، ’’مہندی‘‘، ’’بیٹیاں‘‘، ’’صنم‘‘، ’’رخصتی‘‘ اور’’دشت‘‘ جیسے مقبول ڈراموں میں لازوال کردار اداکیے ہیں۔

FOLLOW US