اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سوشل میڈیا پر حال ہی میں ایک نوجوان لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انصاف کی اپیل کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو نازو شنواری کی ہے۔ اس ویڈیو میں نوجوان لڑکی کا کہنا تھا کہ میں مبین خان اور سمیرا صفدر کی بیٹی ہوں۔ جو لوگ مجھے ٹویٹر کے ذریعے جانتے ہیں اُن کو میرے ساتھ ہونے والے معاملے کا علم ہے۔جن کو علم نہیں ہے اُن کو میں بتا دوں کہ میرے چچا اور اُن کے خاندان اور میرے سوتیلے بھائیوں نے میرے والدین کا قتل کر دیا۔ اس کی وجہ جائیداد کی لالچ تھی۔ یہ وہ جائیداد تھی جو میرے والد نے میری امی کے نام کر دی تھی۔ جن پر اُن کا کوئی حق نہیں بنتا تھا۔ انہوں
نے پہلے میرے والد کا قتل کیا ، اُنہوں نے سوچا کہ وہ ہمیں ڈرا دھمکا پر پراپرٹی اپنے نام کر والیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، میری امی نے بہادری سے اُن کا مقابلہ کیا ، انہوں نے میرے والد کے قتل کی ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر جائیداد کے معاملے تک خاصی ہمت سے کام لیا جس کے بعد انہیں بھی قتل کروادیا گیا۔نازو شنواری نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے میری والدہ کو ایک جعلی کیس میں پشاور بُلانے کی کوشش بھی کی۔ میری والدہ کیس کی سماعت کے لیے پشاور گئیں تو اُن پر بھی قاتلانہ حملہ کر دیا گیا۔ جب میری والدہ اس سب سے نمٹ رہی تھیں تو میری والدہ نے ایس ایس پی، آر پی او ، ڈی پی او، سی پی او ، چیف جسٹس، وزیراعلیٰ،وزیراعظم اور سیٹیزن پورٹل سمیت ہر جگہ پر درخواستیں لکھیں کہ ہمیں تحفظ چاہئیے ، ہماری جائیداد کے لیے ہمیں تحفظ چاہئیے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، کسی نے دھیان نہیں دیا ، اگر دھیان دے دیا ہوتا تو میری امی آج زندہ ہوتیں۔میرے والد کے قتل کی ایف آئی آر میں بھی جب ان کو نامزد کیا گیاتھا اُس وقت بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا ، نہ یہ گرفتار ہوئے نہ ان کی تفتیش ہوئی۔ انہوں نے میری امی کے ساتھ ساتھ اُن کے ساتھ موجود ڈرائیور کا بھی بے رحمی سے قتل کیا۔ یہ لوگ تین قتل کے ذمہ دار ہیں اور فرار ہیں۔ اب یہ سننے میں آیا ہے کہ انہوں نے جا کر ضمانت قبل از گرفتاری بھی حاصل کر لی ہے۔میرا حکومت پاکستان ، وزیراعظم عمران خان ، چیف جسٹس سمیت ان سب بڑے عہدوں پر فائز حکام سے سوال ہے کہ کیا یہ انصاف ہے ؟ میرے ماں باپ کو قتل کر دیا گیا۔ میں اور میرا بھائی چھُپنے پر مجبور ہیں، ہماری جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے ہمارے پیچھے لوگ لگوائے ہوئے ہیں۔ ہم تو بالکل
بے قصور ہیں ، یہ لوگ فرار ہیں اور مافیا کی طرح کا ایک منظر بنایا ہوا ہے۔ ان کی ضمانت قبل از گرفتاری بھی ہو رہی ہے۔ جس طرح میں ان سے ڈر ڈر کر چھُپی ہوئی ہوں ، میں ایک طرح سے جیل میں ہی ہوں ، میری اپیل ہے کہ انہیں پکڑا جائے اور نہ صرف انہیں گرفتار کیا جائے بلکہ مجھے میرے والدین کے قتل کا انصاف بھی دلوایا جائے۔