اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم اپنے مندروں، گرجوں اور گردواروں کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والا ہر ذات، نسل اور مذہب کا شخص اس قوم کا حصہ ہے، ہم اپنے مندروں، گرجوں، گردواروں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان زندہ آباد، کشمیر زندہ آباد۔اس سے قبل انہوں عمر کوٹ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج عمرکوٹ میں مودی کیخلاف ہندوبرادری کیساتھ کھڑا ہوں، لیکن مودی تم سرینگرمیں مسلمانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے، عالمی میڈیا دکھائے کہ پاکستان میں مندرآباد ہیں لیکن مودی نے لوگوں کی عید اورقربانی پرپابندی لگائی،موجودہ بھارت نہرواور گاندھی کا نہیں بلکہ آر ایس ایس کا ہے۔انہوں نے آج عمر کوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ سیاسی نوعیت کا نہیں ہے، آج کا جلسہ مودی کیلئے پیغام ہے، آج کے جلسے میں سیاسی بات نہیں ہوگی بلکہ آج کا جلسہ صرف کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ میں عمرکوٹ والوں کیلئے وزیراعظم عمران خان کا پیغام لے کرآیا ہوں۔ عمران خان بھی آنا چاہ رہے تھے لیکن اسلام آباد میں ذمہ داریوں کے باعث نہیں آسکے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی نے اپنی اپوزیشن کے لوگوں کو بھی سرینگر میں گھسنے نہیں دیا۔ تم لوگ سرینگر میں مسلمانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے لیکن ہم عمر کوٹ میں ہندوبرادری کے ساتھ تمہارے خلاف کھڑے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج انسانیت کا پیغام دینے کیلئے شیو مندر میں حاضر ہوا ہوں۔عالمی میڈیا دنیا کو دکھائے پاکستان میں تمام مندرآباد ہیں۔