اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے پنجاب کی عوام کو سی این جی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنا دی،حکومت نے پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں فی کلو 4روپے 40 پیسے کمی کا اعلان کردیا، نئی قیمت 85 روپے 50 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے پنجاب میں سی این جی کی فی کلوقیمت میں 4روپے 40 پیسے کمی کا اعلان کردیا ہے۔یکم ستمبر سے سی این جی کی نئی قیمت 85روپے 50 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اوگرا کی سمری پر وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے، جس
کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 4روپے 59 پیسے کمی کی گئی ہے۔پٹرول کی نئی قیمت 113روپے 24 پیسے ہوگی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے 33 پیسے کم کردی گئی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے 33 پیسے کم ہوکر127روپے 14پیسے کردی گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 5روپے 63 پیسے کم کردی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر4 روپے 27 پیسے کمی کردی گئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نئے پاکستان کا دوسرا سال ملک کیلئے نئی خوشخبریاں لیکر آئے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ عوام دوست حکومت کا ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام یہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم فردوس عاشق اعوان نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 67 پیسے کی قیمت غلط بیان کی جس کے بعد فردوس عاشق نے اپنی خبر کی تصیح بھی کی۔ جبکہ وزارت خزانہ نے فردوس عاشق کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی خبرکی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی قیمتوں میں کوئی صداقت نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج یکم اگست کو کیا جائیگا۔