Tuesday November 26, 2024

پاک چین افواج میں مزید تعاون کے فروغ کیلئے ایم اویو پر دستخط

راولپنڈی (نیوزڈیسک) پاک چین افواج کے درمیان مزید تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورچینی جنرل ژوکے درمیان ملاقات میں کشمیر کی صورتحال پر خصوصی بات چیت کی گئی،چینی جنرل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات چاہتے ہیں، آرمی چیف نے کشمیر اور اہم معاملات

پرچین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژو نے جی ایچ کیوراولپنڈی کا دورہ کیا۔ چینی جنرل ژو اور معزز مہمانوں کو جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔چینی جنرل نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژوملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کشمیر اور اہم معاملات پرچین کی حمایت کو سراہا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی جنرل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پرچین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ چین پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ اپنے آزمودہ تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

FOLLOW US