Tuesday January 21, 2025

ارمینا خان لندن میں یونیسیف کے دفتر پہنچ گئیں

لندن (نیوز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ارمینا خان لندن میں یونیسیف کے دفتر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے آگاہ کیا کہ لندن میں یونیسیف کے دفتر میں خط جمع کروا دیا گیا ہے۔ ہم جلد ہی انسٹا گرام پر لائیو بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ گھنٹے قبل ہی یونیسیف کے دفتر میں خط جمع کروایا ہے۔میڈیا پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ یو این اور یونیسیف دو مختلف برانچز ہیں۔ تاحال یونیسیف کا اپنا آفیشل بیان آنا باقی ہے۔ انسٹا گرام پوسٹ میں ارمینا خان نے اپنے منگیتر کے ہمراہ یونیسیف کے باہر کھڑے ہونے کی تصاویر بھی شئیر کیں۔ خیال رہے کہ اس سے

قبل بھی جب بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے یونیسیف میں امن کی سفیر ہونے کے باوجود جنگ کے حق میں ٹویٹ کر کے جو منافقت دکھائی تھی اُس پرپاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے یونیسیف کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) ہینریٹا ایچ فوری کے نام کُھلا خط لکھ دیا تھا۔انہوں نے اپنے خط میں مطالبہ کیا کہ پریانکا چوپڑا کو فوری طور پر امن کی سفیر کے عہدے کے ہٹایا جائے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ادارے فنکاروں کے سحر میں اتنا نہ گرفتار ہوجائیں کہ انہیں اپنے غیرجانبداری کے اصولوں پر سمجھوتا کرنا پڑے۔ انہوں نے یونیسیف کی ای ڈی سے استفسار کیا کہ کیا یونیسیف جنگ کی حمایت کرنے والی جانبدار شخصیات کو امن کا سفیر رکھنا چاہتا ہے؟ پاکستانی اداکارہ نے کہا کہ پریانکا نے سوشل میڈیا پر کشمیر تنازع پر کشیدگی کو اکسایا، پاکستانی خاتون عائشہ ملک کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنایا۔اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی اداکارہ نے یونیسیف کی بنیادی اقدار کو ٹھیس پہنچا کر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ۔یہی نہیں بلکہ پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی یونیسف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور کے نام خط میں لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امن کی سفیر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھارتی سرکار کے ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کی۔پریانکا نے پاکستان پر جوہری حملے کی دھمکی کی کھل کر تائید کی۔لہٰذا امن کی نام نہاد سفیر کی جانب سے جوہری جنگ کی تائید اقوام متحدہ کے منصب کے خلاف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ جنگی جنون میں مبتلا اس خاتون (پریانکا) کو امن کی سفیر کے منصب سے فوری ہٹایا جائے۔

FOLLOW US