Monday February 24, 2025

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کا معاملہ، بنگلہ دیش نے بھارت کی حمایت کردی

ڈھاکہ (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کیے جانے کا معاملہ، بنگلہ دیش نے بھارت کی حمایت کر دی، بنگلہ دیشی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے معاملے کو بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے اور آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے معاملے پر پہلی مرتبہ ردعمل دیا گیا ہے۔اس حوالے سے بنگلہ دیش کے دفتر خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش نے اس معاملے پر بھارت کی مودی سرکار کی حمایت کی ہے۔ بنگلہ دیش نے آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے معاملے کو

بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے اس پر مزید کوئی ردعمل نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی موجودہ شیخ حسینہ واجد حکومت بھارت نواز حکومت کے طور پر تصور کی جاتی ہے۔شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی جانب سے پاکستان کیخلاف بھی مسلسل زہر اگلنے کا سلسلہ جاری رکھا جاتا ہے۔ جبکہ بنگلہ دیشی حکومت نریندر مودی کی کھلم کھلی حمایت کرتی رہتی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی مودی سرکار نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے کے بعد سے ظالمانہ کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ جبکہ اب تک ہزاروں معصوم کشمیری گرفتار کیے جا چکے ہیں، اور کئی کشمیری شہید بھی کیے جا چکے ہیں۔