Monday February 24, 2025

مقبوضہ کشمیر میدان جنگ بن گیا، کشمیری تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، شدید جھڑپوں کی اطلاعات

سری نگر : مقبوضہ کشمیر میدان جنگ بن گیا، شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں،، کشمیری تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، بھارتی فورسز کی جانب سے براہ راست گولیاں چلائے جانے اور متعدد شہادتوں کی اطلاعات۔ مقبوضہ کشمیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کشمیر کے عوام حریت رہنماوں کی کال پر تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اور ظالمانہ کرفیو پیروں تلے روندتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ کشمیریوں کی جانب سے کرفیو کے باوجود گھروں سے باہر نکل آنے کے بعد وادی باقاعدہ میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ اس وقت کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز اور نہتے کشمیریوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں، جبکہ مقابلے میں کشمیریوں کی جانب سے پتھروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی درندگی کے باعث کئی کشمیری جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ 5 اگست سے نافذ کرفیو اب کشمیریوں کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ اسی باعث کشمیری اب گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس تمام صورتحال کے باعث کشمیر کے حالات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ اسی دوران بھارت دنیا کی کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے یا اپنے ہی ملک میں دہشت گردی کا حملہ کروا کر الزام پاکستان پر عائد کر دے گا۔