کراچی (نیوز ڈیسک) اذان سمیع نے اپنے والد عدنان سمیع کے ساتھ بھارت میں رہنے سے انکار کر دیا۔ ازان سمیع کا کہنا ہے کہ میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق معروف موسیقارعدنان سمیع کے بیٹے اذان سمیع نے اپنے والد کے ہمراہ بھارت میں رہنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت کی بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور پاکستان فلم انڈسٹری کو اپنا گھر مانتے ہیں لہٰذا والد کی طرح بھارت میں جا کرکیریئر بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔اذان سمیع خان نے بھارت کی بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے
سے متعلق کہا ہے کہ پاکستان ان کا گھر ہے لہذا انہوں نے بھارت کی بجائے یہاں رہنے کو ترجیح دی۔اذان سمیع خان نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر اور اپنے والد عدنان سمیع کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے بھارت میں رہنے کے فیصلے کے حوالے سے اتنا ہی کہیں گے کہ یہ فیصلہ ان کا اپنا تھا اوروہ ان کے فیصلے کی عزت کرتے ہیں۔عدنان سمیع میرے والد ہیں اور جس طرح ان کو اختیار تھا کہ بھارت جا کر اپنا کیریئر بنائیں اسی طرح مجھے بھی اختیار حاصل ہے کہ جہاں مناسب سمجھوں وہاں اپنے کیریئر کا آغاز کروں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی والدہ ایک محب وطن خاتون ہیں۔ علاوہ ازیں اذان سمیع نے اپنے والد پر سوشل میڈیا پر بننے والی مزاحیہ پوسٹوں پر کہا کہ ان کو یہ پوسٹیں دیکھ کر بالکل بھی برا نہیں لگتا بلکہ وہ انجوائے کرتے ہیں، کچھ پوسٹس تو اتنی مزاحیہ ہوتی ہیں کہ مجھے انہیں دیکھ کر بہت ہنسی آتی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل عدنان سمیع کی اہلیہ زیبا بختیار ان کے بھارتی شہریت اختیار کرنے کے فیصلے پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عدنان سمیع ایک مفاد پرست انسان ہے جو اپنے مفاد کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔ عدنان سمیع کی طرف سے پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت پر میرے بیٹے اذان کو بھی شدید صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدنان سمیع موقع پرست انسان ہے اور اپنے مفاد کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔