لاہور : پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی بونس کا اعلان، عید کے موقع پر صفائی کے شاندار انتظامات کرنے پر لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو خصوصی بونس دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے عید کے موقع پر دارالحکومت لاہور میں صفائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنانے پر لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو خصوصی بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کے ورکرز اور مینیجمنٹ دونوں کو خصوصی بونس دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ عید قربان پاکستان میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، صوبہ پنجاب میں بھی لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے اپنی استطاعت کے مطابق اللہ کی راہ میں قربانی کی۔ لیکن اس قربانی کے نتیجے میں تعفن پھیلنے سے روکنے اور شہروں کی صفائی کا ذمہ خود وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے لیا اور خصوصی ہدایات بھی جاری کیں جس کے تحت پنجاب کے مختلف شہروں میں صفائی ستھرائی کا کام شروع کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر صوبے بھر میں صفائی مہم باقاعدہ طور پر جاری ہے۔ عید کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے کام سے لے کر رہائشی علاقوں کی صفائی تک انتظامیہ نے عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ خیال رہے کہ ماضی میں حکمرانوں کی ذمہ داری صرف لاہور جیسے بڑے شہروں تک ہی محدود تھی۔ لیکن موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں جس پر عوام بھی ان کی مشکور ہے۔