اسلام آباد : تجزیہ کار مظہر عباس نے کہاہے کہ ہندوستان 15اگست تک اور بھی بہت کچھ کرسکتا ہے ، ہندوستان کے عزائم کواگر دنیا کے سامنے نہ لایا گیا تو پھر معاملات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ اگر مودی نے اپنی مہم نے یہ اشارہ دیا تھا کہ وہ یہ کام کرے گا تو کیا ہم نے اقوام متحدہ اوردنیا کویہ بتایاتھا ، ہم تو کہہ رہے تھے کہ مودی الیکشن جیت گیا تو مسائل حل ہوجائیں گے ، اس حوالے سے ہماری طرف سے غفلت ہوئی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ مودی نے جوکرنا تھا کرلیا ہے ،انڈیا اس وقت بڑی مارکیٹ ہے لیکن یہ بات بہت اہم ہے کہ ٹرمپ سے اگر مودی نے بات کی تھی توکس تناظر میں کی تھی؟اب وزیر اعظم کو ٹرمپ سے فوری رابطہ کرنا چاہئے اور بتائیں کہ پوزیشن خراب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احتیاط کرنی چاہئے کہیں ایسا نہ ہو کہ ٹرمپ کی بجائے ہم کسی ٹریپ میں آگئے ہوں۔ اس وقت وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کوچھوڑ کراپوزیشن لیڈرز کا اجلاس الگ سے خود بلاناچاہئے ، ہندوستان 15اگست تک اور بھی بہت کچھ کرسکتا ہے ، ہندوستان کے عزائم کواگر دنیا کے سامنے نہ لایا گیا تو پھر معاملات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔