کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک)نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ایک بار پھر دنیائے کرکٹ کے شائقین کے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔ ورلڈ کپ فائنل میچ برابری کی بنیاد پر ختم ہونے کے باوجود فیصلہ خلاف آنے پر تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرنے والے کین ولیم سن کی سری لنکامیں پریکٹس میچ کے دوران شائقین کے ہاتھوں کیک کھانے کی ویڈیو نے ہر
ایک کو حیران کر دیا ہے۔سری لنکا میں سیریز کے لیے موجود کین ولیمسن کو گزشتہ روز 8اگست کو اس وقت سرپرائز ملا جب مداح ان کی 29ویں سالگرہ کا کیک لے کر میدان میں پہنچ گئے۔کٹونائیکے میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ میں پانی کے وقفے کے دوران شائقین ولیمسن کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔نیوزی لینڈ کے کپتان فوراً دوڑ کر شائقین کے پاس پہنچے، وہاں جا کر کیک کاٹا اور خود کیک کھانے کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی کیک کھلایا۔