نیویارک (آ ئی این پی) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھارتی اقدام کو افغان امن کوششوں کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا عمران خان کا دورہ اور ٹرمپ کی پیشکش ممکنہ طور پر مودی کے کشمیر سے متعلق فیصلے کی وجہ بنا،تفصیلات کے مطابق امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدام سے افغان امن کوششوں کوخطرہ ہوسکتا ہے۔امریکی اخبار کا کہنا تھا
کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا اورصدرٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کے بعد ممکنہ طور پر بھارتی وزیراعظم نے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا قدم اٹھایا۔ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے افغان امن معاہدے کے لئے امریکی کوششوں میں پیچیدگی آسکتی ہے، طالبان سے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں، اس موقع پر کشمیرکی حیثیت تبدیل کرنے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہواہے۔