لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور مہاتیرمحمد کے درمیان ملاقات پر اتفاق ہوگیا ہے، دونوں وزرائے اعظم میں ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سائیڈ لائن پر ہوگی، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا بغورجائزہ لے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان سے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ملاقات کا منتظر ہوں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد کو مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر
کی خصوصی حیثیت ختم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی غیرقانونی حرکت خطے کا امن برباد کرے گی۔بھارت کی حرکت سے دوہمسایہ ایٹمی ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوجائیں گے۔ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا بغورجائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ملاقات کا منتظر ہوں۔ دونوں وزرائے اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سائیڈ لائن پر ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ جبکہ مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پرغور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مودی سرکار نے آج صبح صدارتی فرمان جاری کرتے ہوئے بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کوختم کردیا جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی علاقہ کہلائے گی جس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی. دوسری جانب بھارت کی جانب سے ایل او سی اور آزاد کشمیر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں ممنوعہ کلسٹر بموں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنارہی ہے، بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں توپ خانے کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا جس کے باعث 4 سالہ بچے سمیت 2
افراد شہید اور 11 شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس کل طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس طلب کی ہے جس میں بھارت کے غیر آئینی اقدام کا جائزہ لیا جائے گا.۔کورکمانڈرز کانفرنس میں کنٹرول لائن کی صورتحال پر غور کیا جائے گا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔