ملتان(ویب ڈیسک)آج کل دور میں نفسا نفسی اور خود غرضی کا عالم ہے جہاں کوئی انسان دوسرے انسان کا نہ تو درد سمجھتا ہے اور نہ ہی اُسے سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن آج بھی کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جن کو دیکھ کر انسانیت پر یقین بحال ہو جاتا ہے اور تسلی بھی ہوتی ہے کہ آج کے دور میں بھی ایسے کچھ لوگ موجود ہیں جن میں انسانیت کا جذبہ باقی ہے۔دنیا بھر میں کئی ایسے سماجی رہنما موجود ہیں جو انسانیت کی بے لوث خدمت کرتے ہیں۔ ایسا ہی انسانیت کے جذبے سے سرشار ایک نوجوان ملتان میں بھی دیکھنے میں آیا۔ صادق جمیل نامی نوجوان غریب افراد کو محض 10 روپے جیسی کم رقم میں ایک وقت کا
کھانا فراہم کرتا ہے۔ صادق جمیل نے ملتان کے علاقہ ایم ڈی چوک پر کھانے کا اسٹال لگا رکھا ہے جہاں وہ ضرورت مندوں کو 10 روپے میں کھانا فراہم کرتا ہے۔صادق جمیل صرف دس روپے میں اپنے اسٹال پر آنے والے افراد کو دال، چاول ، روٹی اور مٹھائی دیتا ہے۔ اور آس پاس موجود کئی راہگزر ، رکشہ ڈرائیورز ، بس ڈرائیورز اور ٹرک ڈرائیورز 10 روپے کے عوض اپنی بھوک مٹاتے ہیں۔ ایک رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اس اسٹال نے میری زندگی آسان بنا دی ہے۔ میں روز یہاں آ کر کھانا کھاتا ہوں اور اپنے اہل خانہ کے لیے بھی لے کر جاتا ہوں۔صادق جمیل خود ایک معذور نوجوان ہے لیکن اس کی معذوری نے اسے انسانیت کی خدمت کرنے سے نہیں روکا۔ صادق جمیل کا کہنا ہے کہ میں لوگوں کے لیے کچھ منفرد کرنا چاہتا تھا۔ صادق جمیل نے کہا کہ میں نے یہ اسٹال ان لوگوں کے لیےلگایا ہے جن کے پاس تین وقت کھانا کھانے کے پیسے نہیں ہیں۔ اس طرح سیٹ اپس ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹاپس اور اسپتالوں کے پاس لگائے جانے چاہئیں تاکہ کوئی بھی بھوکا نہ رہ سکے۔ سوشل میڈیا پر بھی صادق جمیل کا انسانیت کے لیے یہ قابل ستائش کام کافی وائرل ہو رہا ہے ، جس پر صارفین نے صادق جمیل کو خوب سراہا اور عام نوجوانوں کو ترغیب بھی دلوائی کہ وہ بھی ایسے کاموں میں صادق جمیل جیسے لوگوں کی مدد کریں اور انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالیں۔