پشاور : مفتی پوپلزئی نے 12 اگست بروز اتوار کو عید الاضحیٰ منانے کا اعلان کر دیا، پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر نے بلائے گئے اجلاس کے بعد چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا۔
مفتی پوپلزئی کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کے بعد مسجد قاسم علی خان کے امیر نے اعلان کیا کہ ان کی جانب سے عیدالضحیٰ 12 اگست بروز پیر کو منائی جائے گی۔ جبکہ یکم ذوالحج کل بروز جمعہ 2 اگست کو ہوگی۔ جبکہ دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے آج جمعرات کے روز اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ جبکہ شہریوں سے بھی ذوالحج کا چاند دیکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔ اعلان کیا گیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ذوالحج کا چاند دیکھ لیا گیا ہے۔ اب کل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ذوالحج کی یکم تاریخ ہوگی۔ حج 10 اگست کو ہوگا، جبکہ عید الاضحیی 11 اگست کو منائی جائے گی۔ جبکہ اماراتی حکومت نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری و نجی اداروں میں 10 اگست سے 13 اگست تک 4 روز کی تعطیلات ہوں گی۔ سلطنت عمان کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی 11 اگست کو ہی عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔ جبکہ پاکستان میں سرکاری سطح پر ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کل کراچی میں ہوگا۔ پاکستان میں کل ذوالحج کا چاند دکھنے کے واضح امکانات ہیں، جبکہ عید الاضحیٰ 12 اگست بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔