سلام آباد (ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کے فیصلے دینے والے جج ارشد ملک کے ویڈیو سکینڈل مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس آصف سیعد کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ احتساب عدالت کے جج کی طرف سے دیے گئے
ان فیصلوں کو از سر نو ٹرائل کے لیے بھیج سکتی ہے۔23 جولائی کو تین رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک کیس (العزیزیہ ریفرنس) میں سزا دی دوسرے (فلیگ شپ ریفرنس) میں بری کیا۔ چیف جسٹس کھوسہ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ابھی تک اس ویڈیو سے متعلق کوئی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ نہیں گیا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس آصف کھوسہ سپریم کورٹ کے اس پانچ رکنی پانامہ بینچ کے سربراہ تھے جس نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو ’قابل وصولی تنخواہ‘ (اقامہ) ظاہر نہ کرنے کی پاداش میں نااہل قرار دے دیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں نواز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور اس کے بعد ٹرائل کورٹ نے بھی انھیں دو بار جیل کی سزا سنائی۔ٹرائل کورٹ کے جج ارشد ملک کی ایک مبینہ ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ ایک لیگی کارکن ناصر بٹ کو سابق وزیر اعظم کے خلاف فیصلوں میں ’دباو‘ سے متعلق تفصیلات بتا رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک کو احتساب عدالت سے ہٹا کر واپس وزارت قانون کو بھیج دیا۔منگل کو ویڈیو سکینڈل کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کھوسہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اس بارے میں ریلیف فراہم کرسکتی ہے کیونکہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی طرف سے جو اُنھیں العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی
اس کے خلاف اپیل ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔چیف جسٹس نے یہ سوال اُٹھایا کہ کیا سپریم کورٹ کو معاملے میں مداخلت کرنی چاہئیے اور کیا مداخلت کا فائدہ ہوگا یا صرف خبریں بنیں گی؟ بینچ میں شامل جج عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ فریقین کے الزامات کی حقیقت کو جاننا چاہتی ہے۔وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق دائر درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے یہ موقف اپنایا ہے کہ عدالت عظمیٰ اس معاملے کو مفاد عامہ کے قانون کے تحت نہیں سن سکتی۔حکومت نے موقف اختیار کیا کہ اگر اس بارے میں عدالتی کمیشن بھی بنایا گیا تو یہ کمیشن اپنی رائے ہی دے سکتا ہے اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔منگل کے روز احتساب عدلت کے جج کی مبینہ ویڈیو سے متلعق درخواستوں کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل انور منصور کا کہنا تھا کہ اس مبینہ ویڈیو سے متعلق کارروائی کے لیے متعدد متعلقہ فورمز موجود ہیں۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے جج سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اس سارے معاملے میں احتساب عدالت کے جج کے رویے سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔بینچ کے سربراہ نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ارشد ملک کی طرف سے درج کروائے گئے مقدمے سے متعلق رپورٹ تین ہفتوں میں پیش کرے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ آنے کے بعد ائندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت اس معاملے میں اندھیرے میں تیر نہیں چلائے گی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سوال اُٹھایا کہ کیا جج کا سزا دینے کے بعد مجرم کے گھر جانا درست عمل تھا۔
اُنھوں نے کہا کہ عدالت کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بینچ میں موجود جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس سارے معاملے میں دیکھنا ہوگا کہ جج کی تضحیک ہوئی یا ان پر لگایا گیا الزام سچ تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات ضرور ہونی چاہیے۔چیف جسٹس آصف کھوسہ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے اس معاملے کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جو آپشنز دیے ہیں ان میں پہلا آپشن ایف آئی اے کا، دوسرا نیب قانون کا، تیسرا آپشن تعزیرات پاکستان اور چوتھا پیمرا قانون کا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پانچواں آپشن حکومتی کمیشن اور چھٹا آپشن جوڈیشل کمیشن کا ہے۔اٹارنی جنرل نے اس ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا کہ ارشد ملک کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ الگ الگ کی گئی۔ جس پر چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا پریس کانفرنس میں پیش کی جانے والی وڈیو جعلی تھی؟ اُنھوں نے کہا کہ آڈیو وڈیو کو مکس کرنے کا مطلب ہے اصل مواد نہیں دکھایا گیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر جج صاحب کہتے ہیں وڈیو اصل نہیں تو اصل وڈیو ’ریکور‘ ہونی چاہئیے جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اصل وڈیو ریکور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ سال 2000 سے 2003 کے دوران وڈیو بنائی گئی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ احتساب عدالت کے سابق جج نے ایسی حرکت کی تب ہی وڈیو بنائی گئی۔ اُنھوں نے کہا کہ بطور جج ارشد ملک کو ایسی حرکت نہیں کرنی چاہئیے تھی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جج نے مریم نواز کی جانب سے جاری وڈیو کے کچھ حصوں کی تردید کی ہے۔آج سماعت کے موقع پر نہ تو کوئی خصوصی پاسز جاری کیے گئے اور نہ ہی سیکیورٹی کے کوئی غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔ اب اس مقدمے کی سماعت ایف آئی اے رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔