اسلام آباد(آن لائن)جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران تیز ہواؤں /آندھی کے ساتھ مون سون کی مزید بارشیں ہوں گی، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ممکنہ ناگہانی
صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو (شام /رات) سے ہفتہ کے دوران راولپنڈی، سرگودہا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڑوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔