Sunday December 22, 2024

تشویشناک خبر، آفریدی کی پی ایس ایل کے آئندہ میچز میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا، شاہد آفریدی نے مداحوں سے معافی مانگ لی

شارجہ (آن لائن) شاہد آفریدی کی پی ایس ایل کے آئندہ میچز میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے،ملتان سلطانز کیخلاف اہم میچ کیلئے شاہد آفریدی کو کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شاہد آفریدی کی پی ایس ایل کے آئندہ میچز میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ شاہد آفریدی کا ایم آر آئی اسکین کیا جائے گا۔ ایم آر آئی رپورٹ سے صورتحال واضح ہوگی کہ آیا آفریدی آئندہ کے میچز کھیل سکیں گے یا نہیںتفصیلات کے مطابق شارجہ میں کراچی کنگز اور

ملتان سلطان کے درمیان شیڈول میچ میں کراچی کنگز کے قائد عماد وسیم نے ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میچ میں شاہد آفریدی کی عدم دستیابی کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا جو انجری کا شکار ہیں۔کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر نے بتایا کہ وارم اپ کے دوران آفریدی کو گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی او ان کا ایم آر آئی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ شارجہ میں پاکستانی ٹیم خصوصاً شاہد آفریدی کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں اور جمعہ ہونے کی وجہ سے شائقین نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا جس میں سے شائقین کی بڑی تعداد کے ہاتھوں میں شاہد آفریدی کے نام کے بینر نمایاں تھے۔شاہد آفریدی نے بھی میچ میں عدم دستیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے شائقین سے معافی مانگ لی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ان تمام شائقین سے معذرت خواہ ہوں جنہوں نے مجھے دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ میرے گھٹنے کا ایم آر آئی ہوا ہے۔ آپ سب کی دعاؤں کا طلبگار ہوں اور انشااللہ جلد میدان میں واپسی کروں گا’۔واضح رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ناقابل شکست کراچی کنگز سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطان آج ایک پوائنٹ ملنے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ٹیبل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں اور لگاتار تین شکستوں سے دوچار ہونے والی لاہور قلندرز کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

FOLLOW US