Tuesday November 26, 2024

ایل این جی کیس، شاہد خاقان کو نیب سے بلاوا آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب نے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی ٹرمینل ٹھیکہ کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کر لیا ہے۔ نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام میں تفتیش کے لیے کل بروز جمعرات کی صبح طلب کیا ۔سابق وزیراعظم کو صبح 10 بجے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی تھی۔نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف

دینے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ادارہ ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ناسور اور ملکی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھتے ہیں ،لوٹے ہوئے 326 ارب قومی خزانے میں جمع کروانا ریکارڈ کامیابی ہے ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا گرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جائیں گے۔

FOLLOW US