Tuesday November 26, 2024

وزیر اعظم نے ’نیا پاکستان ہاوٴسنگ منصوبے‘ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا، آن لائن رجسٹریشن کیسے کی جائے گی اور کون لوگ سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے عمران خان نے خود ہی بتادیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعدوزیر اعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاوٴسنگ منصوبے’‘ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے ملک بھر میں تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے افراد کو گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل اور گھروں کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکیں گی جس کے بعد یہ اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاوٴسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر لوگ گھر بنانے کی

استطاعت نہیں رکھتے جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہمارا بینکنگ کا نظام گھر بنانے کے لیے فنانسنگ نہیں کر رہا تھا اس لیے بھی غرین آدمی کے لیے گھر بنانا مشکل تھا۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں صرف وہی لوگ گھر بنا سکتے تھے جن کے پاس نقد رقم موجود تھی، تاہم اس حوالے سے نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ منگل کو منظوری دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اس آرڈیننس کے ذریعے گھروں کی تعمیر کے لیے فنانسنگ کا عمل آسان ہوجائے گا۔اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد نئے گھروں کی ضرورت ہے، جبکہ نیا پاکستان ہاوٴسنگ منصوبے کے تحت حکومت نے بے گھر افراد کے لیے گھر بنانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گھروں کی کتنی ضرورت ہے اس بارے میں معلومات لی جائیں گی اور اسی حوالے سے یہ رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت لوگ اپنے وسائل سے آگاہ کریں گے کہ وہ کتنی ماہانہ رقم دے سکتے ہیں، پھر ان وسائل اور استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم یہ اسکیمیں شروع کریں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار خاندانوں کو گھر دیں گے جو ڈیڑھ سال کی مدت میں اپنے گھروں کے مالک ہوں گے۔

FOLLOW US