لاہور(نیوز ڈیسک)پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو 11 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کےشہری کو دوسری شادی کرنا مہنگا پڑ گیا ۔ لاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شہری کو 11 ماہ قید کی سزا سنا دی جبکہ شہری پر دو لاکھ 50 ہزار روپے جُرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔شوہر کو سنائی جانے والی سزا پر پہلی بیوی شمیم بی بی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے شوہر کو بہت کم سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت میں دائر کی جانے والی درخواست میں مذکورہ خاتون نے مؤقف اپنایا تھا کہ میرے
شوہر نے مجھے دھوکہ دیا، مجھ سے جھوٹ بولا اور دوسری شادی کر لی۔دوسری شادی کرنے کے لیے مجھ سے اجازت نامہ نہیں لیا گیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے خواہشمند افراد کو بُری خبر سنائی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے لیے مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری قراردے دی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ دوسری شادی کے لیے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری ہوگی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کے انکار کے بعد اگر کوئی شخص شادی کرے گا تواسے دوسری شادی پر سزا ہوگی۔عدالت نے کہا کہ مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ء کے مطابق اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو سزا اور جُرمانہ ہو گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس فیصلے میں ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد کے مجسٹریٹ نے مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر شادی کرنے والے ایک شخص کو سزا سنائی۔ آزاد کشمیر کے رہائشی لیاقت علی میر کو ایک ماہ قید اور پانچ ہزارروپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ایڈیشنل سیشن جج نے کشمیر کا باشندہ ہونے کی وجہ سے لیاقت علی کو بری کیا۔ جس شخص کے پاس قومی شناختی کارڈ ہے، اس پر تمام قوانین کا اطلاق ہو گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پہلی بیوی کی اپیل پر لیاقت علی میر کی بریت کے حکم کو کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایڈیشنل سیشن جج میرٹ پر لیاقت علی میر کی دوسری شادی کے کیس کا فیصلہ کریں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نکاح اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے، عدالت کا مکمل دائرہ اختیار ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ لیاقت علی میر نے 2011ء میں پسند کی شادی کی ۔ 2013ء میں لیاقت علی میر نے بیوی اور مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی تھی۔