Monday February 24, 2025

شہباز شریف مجھے بھی برطانوی عدالت لے جائیں، وہاں کیا کچھ پیش کروں گا، شہزاد اکبر نے بڑی پیشکش کردی

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے شہبازشریف کی عدالت لے جانے کی آفر قبول کرلی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف برطانوی عدالت میں مجھے بھی لے جائیں، وہاں رپورٹ سے بڑھ کر دستاویزات پیش کروں گا، یہ 26 ملین ڈالر سے زیادہ منی لانڈرنگ کا کیس ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے قانونی چارہ جوئی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شہباز شریف برطانوی عدالت میں اخباراور مجھے بھی لےجائیں۔اس رپورٹ سے بڑھ کر دستاویز برطانوی عدالت میں پیش کروں گا۔ صحافی کے مطابق یہ اسٹوری ہمیں اوردیگر متعلقہ شخصیات کوبھی بھیجی گئی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ 26 ملین ڈالر سے زیادہ منی لانڈرنگ کا کیس ہے۔میں برطانوی عدالت میں دکھاؤں گا۔آپ نے منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھایا۔ امید ہے شہباز شریف لندن میں مقدمہ کریں گے۔ پھر میں مزدوروں کے نام پرفراڈ کے ذریعے بھیجی گئی ٹی ٹی عدالت میں پیش کرونگا۔واضح رہے صدر ن لیگ شہبازشریف نے ٹویٹر پراپنے ردعمل میں کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کے ایماء پر چھاپی گئی۔ ہم ان دونوں حضرات کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ ویسے عمران خان صاحب! آپ کو ابھی میری جانب سے کیے گئے 3 ہتک عزت کے دعوں کا جواب بھی دینا ہے! ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ بے بنیاد خبر سے ساکھ کونقصان پہنچایا گیا، پگڑیاں اچھالنے والوں کوقانون کے کٹہرے میں جواب دینا ہوگا۔جھوٹی خبر دینے پر برطانوی اخبارکے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح مریم اورنگزیب نے اخبار کی خبر میں ذکر کردہ 2005ء سے 2012ء کی مدت پراہم سوال اٹھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005ء سے2007ء تک شہبازشریف ملک بدر تھے۔ اس دوران پرویزمشرف کی حکومت تھی۔ 2008ء میں شہبازشریف وزیراعلیٰ پنجاب بنے، وفاق میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی۔ ایرا وفاق کے ماتحت تھا۔ زلزلہ کشمیراور کےپی میں آیا تو پیسے پنجاب میں شہبازشریف کیسے کھا رہا تھا؟