لندن (نیوزڈیسک) برطانیہ نے جنگی طیارے ایران کی جانب روانہ کر دیے گزشتہ روز برطانوی بحری جہاز پر ایرانی بحریہ کے مبینہ حملے کی کوشش کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاملات جنگ کے دہانے تک پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ روز ایرانی بحریہ اور برطانوی کارگو بحری جہاز کے درمیان ہونے والے مبینہ
تصادم کے بعد معاملہ جنگ کے آغاز تک جا پہنچا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ برطانیہ نے اپنے جنگی طیارے ایران کی جانب روانہ کر دیے ہیں۔ برطانوی جنگی طیارے ایران کے قریب سمندری حدود میں بحری جہازوں کی آمد و رفت جاری رکھنے کو یقینی بنائیں گے۔ جبکہ ایران کی جانب سے کسی قسم کی جارحانہ کاروائی کرنے کی صورت میں برطانوی جنگی طیارے جوابی کاروائی بھی کر سکیں گے۔ دوسری جانب امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے حکام نے کہاہے کہ وہ برطانیہ کی شاہی بحریہ، علاقائی اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر بین الاقوامی سمندروں میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے طریقوں پر غور کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ پیش رفت گذشتہ روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے برطانوی آئیل ٹینکر کا ایرانی کشتیوں کی جانب سے راستہ روکنے کی ناکام کوشش کے ایک دن بعد دیکھنے کو آئی ۔پانچویں امریکی بحری بیڑے کے کمانڈر وائس ایڈمرل جمِ مالوئے ایک بیان میں کہا کہ ان کے زیر کمان فلیٹ ایرانی سپاہ پاسداران کی غیر قانونی ہراسیت اور دس جولائی کو برطانیہ کے ملکیتی ہیرٹیج نامی مرچنٹ
نیوی کے جہاز کو آبنائے ہرمز کے قریب روکنے کی کوششوں سے آگاہ ہے۔