Monday February 24, 2025

سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی (نیوزڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سے پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں1700 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے اور اس اضافے کے بعد فی تولہ سونا 82 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی

اڑان بدستور جاری ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 61 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں مزید 1 روپے مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی امریکی کرنسی مسلسل پرواز کرتی دکھائی گئی، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 61 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 158 روپے 49 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے بڑھ کر 159 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب ڈالر کی بڑھتی قیمت کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آرہا اور سونے کی قیمت میں کمی کے بعد اب دوبارہ ایک ہی دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1700 روپے اور 10گرام قیمت میں1458 روپے کا اضافہ ہوگیا جب کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں یک دم 24 ڈالر کا اضافہ ہوگیا اور عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت بڑھ کر 1420 ڈالر ہوگئی ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی نئی

قیمت نے ریکارڈ قائم کردیا اور سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح82 ہزار روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 70 ہزار 302 روپے کی پر پہنچ گئی ہے۔