اسلام آباد (نیوزڈیسک) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور نامور قانوندان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ قطری خط ایک مزاق تھا، ویڈیو بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز نے جو ویڈیو پیش کی ہے یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، ویڈیو کا بارِ ثبوت مریم نواز پر ہے اور انہیں ہی ویڈیو سچی ثابت کرنا ہو گی ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومتی ادارے نے ویڈیو عدالت
میں نہیں لے کر جانی بلکہ ویڈیو کا بارِ ثبوت مریم نواز پر ہے اور انہیں ہی ویڈیو عدالت میں لے کر جانا ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو کو عدالت میں سچی ثابت کرنے کے لیے ثانوی ثبوت سے زیادہ بنیادی ثبوت اہم ہے اس لیے جس کیمرے سے ویڈیو بنائی گئی وہ کیمرہ بھی عدالت میں پیش کیا جانا ضروری ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے جبکہ قطری خط محض ایک مزاق تھا اس لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا پڑے گا۔ مریم نواز کے جلسوں میں جا کر نعرے لگانے سے یہ معاملہ خراب ہو گا۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو سامنے لے آئیں، احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو نوازشریف کے چاہنے والے ن لیگی نے بنائی،ویڈیو میں جج صاحب تسلیم کررہے ہیں کہ میں بہت پریشان ہوں، میں نے ظلم کیا، میرا ضمیرمجھے جھنجھوڑ رہا ہے،جج صاحب نے ناصر بٹ کو خود گھر بلا کر ثبوت پیش کیے کہ نوازشریف بے قصور ہے۔ انہوں نے پارٹی صدر شہبازشریف اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے رسیدیں بھی دیں، ثبوت بھی دیے، سب کو
کچھ جانتے ہوئے بھی سازش اور انتقام ہے ، ہم عدالت میں پیش ہوئے، ان کے ساتھ بے گناہ بیٹی کو بھی گھسیٹا گیا ، اور جیل میں ڈال دیا گیا۔ ہم نے ثبوت دیے لیکن ہمارے ثبوتوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے باربار عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن ہر بار فیصلہ حق میں نہیں ہے، پھر نوازشریف نے اپنا معاملہ اللہ کی عدالت میں چھوڑ دیا۔