اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ چندروز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیزہوائوںاورآندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ہلکی سے درمیانی شدت کی مون سون ہوائوں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جبکہ آئندہ ہفتے سے مون سون ہوائوں کی شدت
میں اضافے کا امکان ہے۔ ہفتہ اور اتوار (آج) کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں،جبکہ ژوب،ملتان،ڈی آئی خان اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسی طرح پیرسے جمعرات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب میںراولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران ڈی جی خان ڈویژن، خیبر پختونخوا میںمالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان،کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد،ساہیوال، مالاکنڈ، ہزارہ،ڈی آئی خان ڈویژن،اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں تیزہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے۔