جدہ (نیوزڈیسک) اس وقت سعودی مملکت میں سوگ کا سماں ہے۔ شاہی خاندان اور سعودی عوام دُکھ کی گھڑی سے دوچار ہیں۔ اس کی وجہ سعودی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی خاتون کا گزشتہ روز انتقال کر جانا ہے۔ سعودی شاہی دربار کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکمران خاندان سے تعلق رکھنے والی سعودی شہزادی الجواہرا بنت
عبدالعزیز بن مسعود مسعید بن جلاوی ال سعود انتقال کر گئی ہیں۔ وہ شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے معروف شہزادے سعود بن نائف بن عبدالعزیز السعود کی والدہ تھیں۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ رضائے الٰہی سے وفات پانے والی مرحومہ شہزادی کی نماز جنازہ گزشتہ روز مکّہ معظمہ میں واقع مسجد الحرام میں نماز مغرب کے بعد ادا کی گئی۔ اس موقع پر شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ، ممتاز کاروباری اور حکومتی اعلیٰ عہدے دار بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر لوگوں نے مرحومہ شہزادی کے بیٹے شہزادہ سعود بن نائف سے تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دُعا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو اس صدمے کے دوران صبرِ جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے دُعا بھی کی گئی۔ سعودی عوام نے بھی اس دُکھ بھری خبر پر سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔