Tuesday November 26, 2024

نواز شریف سے دوران تفتیش پوچھے گئے سوالات کی تفصیل سامنے آگئی

لاہور (این این آئی) توشہ خانہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب)اسلام آباد کی تین رکنی ٹیم نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ایک گھنٹے تک تفتیش کی اور ایک سوال نامہ بھی دیا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد نیب کو سوال نامہ کے جواب بھجوائیں گے۔ ان کے خلاف اس کیس میں سرکاری گاڑیوں اور مختلف ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کے غیر قانونی اور ذاتی استعمال کے الزامات ہیں۔نیب اسلام آباد کی تین رکنی ٹیم

کوٹ لکھپت جیل لاہور پہنچی تو نواز شریف کو سکیورٹی سیل سے جیل سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں سخت سکیورٹی میں لایا گیا۔ نیب کے تین افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے نواز شریف سے ایک گھنٹے تک تفتیش کی۔نیب کی جانب سے نواز شریف کو سوالنامہ دیا گیا جس میں سے کچھ سوالات کے جوابات نواز شریف نے دیے اور کچھ کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں اور بطور وزیراعظم ان کی یہ ڈیوٹی نہیں کہ کیا کیا تحائف ملے، انہیں جو بھی ملے وہ سرکاری خزانے میں جمع کرادیے، رہی بات گاڑیوں کے استعمال کی تو بطور وزیر اعظم پاکستان مجھے ان گاڑیوں کے استعمال کا آئینی اور قانونی حق حاصل ہے، جس کا ریکارڈ بھی چیک کیا جاسکتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ کچھ سوالات کے جوابات ان کے پاس نہیں اور قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔نیب ٹیم نواز شریف سے ایک گھنٹے تک تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئی۔ نواز شریف سے دوران تفتیش جیل افسران کو کمرے میں داخل ہونے کی اجازت نہ تھی۔ سپرنٹینڈنٹ جیل سمیت دیگر افسران و اہلکار کمرے کے باہر ہی موجود رہے۔ نیب کی ٹیم کے واپس جاتے ہی نواز شریف کو ان کے کمرے میں پہنچا دیا گیا۔

FOLLOW US