ڈرہم(نیوزڈیسک) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں آج ڈرہم میں مد مقابل ہیں اور لنکن ٹائیگرز کی ہار کی صورت میں قومی ٹیم کے لیے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کی امیدیں مزید بڑھ جائیں گی ۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 8
پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے پوائنٹس 7، 7 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے لیکن پھر بھی گرین شرٹس کو انگلینڈ کی ایک شکست کا انتظار کرنا پڑے گا، ساتھ ہی سری لنکا کو بھی تین میں سے ایک میچ ہارنا ہوگا۔ اگر سری لنکا کو سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے تو اسے آج سمیت اپنے اگلے تینوں میچز جیتنا ہوں گے جو جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف ہیں، اگر انگلش ٹیم اپنے دونوں میچز جیت گئی اور سری لنکا بھی اپنے تینوں میچز جیتنے میں کامیاب رہی تو دونوں ٹیموں کے 12، 12 پوائنٹس ہوں گے اور سیمی فائنل میں جانے کے لیے دونوں کے درمیان رن ریٹ دیکھا جائے گا۔اگر سری لنکن ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن سیمی فائنل کھیلنے کے لیے اسے دیگر ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔