Tuesday November 11, 2025

کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز 13ارب گھنٹے دیکھے جائیں گے کتنے سو ملکوں میں نشریات دکھائی جائیں گی، رپورٹ جاری

لندن(آئی این پی)آئی سی سی نے ورلڈکپ کو کرکٹ کا سب سے بڑا جشن قرار دیدیا جس کے مقابلے 200ملکوں میں دیکھے جائیں گے۔ورلڈکپ کاانگلینڈ میں 30مئی کو آغاز ہو گا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا ہے، سنسنی خیز مقابلے 200ملکوں میں دیکھے جائیں گے، مجموعی طور پرنشریات دیکھنے کا وقت 13ارب گھنٹے ہوگا،ایک ارب گھنٹے کا وقت ڈیجیٹل میڈیا پر میچز دیکھتے ہوئے بھی صرف ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کیلئے

مجموعی طور پر 30لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں، کسی ایک میچ کیلیے4لاکھ تک امیدوار بھی سامنے آئے،ایک لاکھ 10ہزار خواتین اور ایک لاکھ انڈر 16بچے بھی تماشائیوں میں شامل ہوں گے، 8فین زونز بنائے گئے ہیں۔آئی سی سی ورلڈکپ کو نہ صرف شائقین کو تفریح فراہم کرنے والا بلکہ کھیل کو مزید فروغ دینے والا ایونٹ بنانے کیلیے پر عزم ہے۔اوول لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ لوگوں کو آپس میں ملانا،تفریح فراہم کرنا اور کھیل کو ترغیب دلانے کا ذریعہ بنانا ہمارے مقاصد ہیں،فارمیٹ کے مطابق 10ٹیمیں کم ازکم ایک بار ایک دوسرے سے کھیلیں گی، اس سے سخت مقابلے کی فضا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایونٹ نئی نسل کو تحریک دلانے کا ذریعہ بنے،ہم اکثر نوجوانوں سے سنتے ہیں کہ ٹیم کی ورلڈکپ فتح کو دیکھتے ہوئے کرکٹر بننے کا فیصلہ کیا،امید ہے کہ میچز دیکھنے کے بعد نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔