کوئٹہ(نیوز ڈیسک) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں عمران خان کی حکومت کے خلاف سیاسی پنڈت و سیاسی سادھو اکٹھے ہوگئے ہیں پاکستان کا اب الله خیرکرے کیونکہ ان پنڈت اور سادھوں نے ہمیشہ اپنی ذات کا سوچا ہے ملک کیلئے کسی نے کچھ نہیں سوچا 70 سال میں بھی برداشت کی سیاست نہیں ہوئی ملک نازک صورتحال سے گزررہا ہے اگر اپوزیشن جماعتوں نے ٹانگ کھینچنے کا سلسلہ جاری
رکھا تو پھر میری پاک افواج سے اپیل ہے کہ وہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کردے تاکہ پاکستان کو بچایا جاسکے یہ بات اُنہوں نے ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ہم ستر سال سے یہ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں جو بھی اپوزیشن میں آیا اُس نے اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی ٹانگ کھینچی ہے جس سے نہ صرف جمہوریت کو نقصان پہنچا بلکہ پاکستان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہماری معیشت کا بیڑہ غرق ہو کر رہ گیا ہے۔آج بھی پاکستان کی سیاسی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور ملکی حالات کسی طرح بھی صحیح سمت کی طرف نہیں جارہے دائیں بائیں پاکستان کے خلاف بیٹھی قوتیں بھی اب کھل کر سامنے آگئی ہیں ایسے حالات میں میری اپوزیشن جماعتوں سے یہ اپیل ہے کہ خدارا پاکستان پر رحم کھائیں اور اس ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے مثبت سوچ کو اپناتے ہوئے آگے بڑھیں۔کیونکہ پاکستان احتجاج، جلسے و جلوس کا اب متحمل نہیں ہوسکتا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منفی سوچ کو ایک طرف رکھیں اور حکومت کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان اور اس کی معیشت کو پائوں پر کھڑا کیا جاسکے یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس ملک کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس کوئی الہٰ دین کا چراغ نہیں ہے کہ وہ اقتدار سنبھالتے ہی ستر سال کے مسائل کو آنکھ بند کرتے ہی ٹھیک کردیں انہیں وقت چاہیے اور اپوزیشن جماعتیں ان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پاکستان کوہر لحاظ سے
صحیح ڈگر پر ڈالا جاسکے۔برداشت کی سیاست کو تقویت دی جائے کیونکہ ان سیاسی پنڈتوں اور سادھوئوں نے ملک دُشمن عناصر کے اشارے پر مہابھارت کا ورد شروع کردیا ہے جو کہ پاکستان کے حق میں نہیں ہے اگر اپوزیشن مثبت اقدامات اور پاکستان کی سالمیت اور بقاء کی سوچ کو لیکر آگے نہیں چلتی اور اسی منفی سیاست کو فروغ دیتی ہے تو میری پاک فوج سے اپیل ہے کہ وہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کردے۔