Tuesday November 11, 2025

چیف سلیکٹرانضمام الحق بڑی مشکل میں پھنس گئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں ارکان نے انضمام الحق کے بیرون ملک دوروں کو نشانے پر رکھ لیا۔قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں سوال کیا گیا کہ ٹیم کے ہر غیر ملکی ٹور کے دوران چیف سلیکٹر کیوں جاتے ہیں ؟ وہ کس حیثیت سے اپنا ٹی اے، ڈی اے بنانے پہنچ جاتے ہیں، اقبال محمدعلی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا کام صرف قومی اسکواڈز منتخب کرنا ہوتا ہے، ٹور کے دوران ٹیم کھلانے کا فیصلہ

کوچ، کپتان اور منیجر کوکرنا ہوتا ہے،چیف سلیکٹر کے جانے کی کیا ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق سخت تنقید کے بعد پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد چیف سلیکٹر کے غیر ملکی دوروں سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے، اس معاملے کو چیئرمین بورڈ احسان مانی کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میٹنگ میں شاہد آفریدی کی کتاب میں انکشافات کا بھی تذکرہ ہوا،ارکان نے سوال کیا کہ سابق کپتان نے جو انکشافات کیے ان پر پی سی بی نے کیا ایکشن لیا؟ میچ فکسنگ کے الزامات پر بھی بورڈ خاموش ہے۔ جواب میں سی او او سبحان احمد نے کہاکہ شاہد آفریدی نے جس واقعے کا ذکر کیا اس وقت ٹیم کے ساتھ وابستہ رہنے والے منیجر انتقال کر چکے ہیں۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر فنڈز کی کمی کا رونا رونے لگے،وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے انھیں کورا جواب دیدیا۔