تہران(آئی این پی) میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک امریکی اسرائیلی اتحاد کو شکست سے دوچار کر دے گا، امریکا شیطان بزرگ ہے اور ایران کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ ایرانی وزیر دفاع کا یہ بیان
امریکی سینیٹر اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے کانگریس کی ایک اہم شخصیت ٹوم کیٹن کے موقف کے جواب میں آیا ہے۔ کیٹن نے پورے اعتماد سے کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ جنگ چھڑی تو امریکا اسے اپنے نام کر لے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف دو فضائی حملوں کی مار ہے، امریکی سینیٹر کیٹن نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کا دفاع نہیں کر رہے ہیں مگر خطے میں امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی اشتعال انگیزی کا غضب ناک جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل حاتمی نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک عراق ایران جنگ کے مقابلے میں عسکری پہلو، افرادی قوت، مادی اور روحانی ترقی کے لحاظ سے اب زیادہ بہتر مقام پر ہے۔واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کچھ عرصہ قبل بعض سیاست دانوں سے ملاقات میں امریکی پابندیوں کی بنیاد پر کہا تھا کہ ایران آج عراق کے ساتھ جنگ کے لحاظ سے زیادہ بری پوزیشن میں ہے۔