لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اچھی پرفارمنس دی ،ٹیم اگر جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی، شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں
گے ، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں ۔لاہور پریس کلب میں پولیو کے خلاف جنگ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کر چکے، کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔انھوں نے کہا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی بالنگ اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا تھا، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ ابھی 3میچز باقی ہیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان بھی کر چکے ہیں جس کے لیے پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی ۔









